جھارکھنڈ : گریڈیہہ میں بھوک سے 58 سالہ خاتون کی موت ، تین دن سے گھر میں نہیں تھا اناج کا ایک دانا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-june-2018

گریڈیہہ : جھارکھنڈ میں گریڈیہہ ضلع میں 58 سالہ ساوتری دیوی نام کی ایک خاتون کی بھوک کی وجہ سے موت ہوجانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ خاتون کے گھر میں کئی دنوں سے اناج کا ایک دانا بھی نہیں تھا ۔ کئی دنوں تک بھوکی رہنے کے بعد اس نے گزشتہ ہفتہ کی صبح دم توڑ دیا۔

رپورٹس کے مطابق متوفیہ ڈومری سیکشن کے چین پور پنچایت کے مگرگدی گاوں کی رہنے والی تھی ۔ اس کے شوہر دوارکا مہتا کی 10 سال پہلے موت ہوچکی ہے ۔ خاتون کے دو بیٹے ہیں ، جو کچھ دنوں پہلے ہی مزدوری کرنے کیلئے باہر گئے تھے۔ ماں کی موت کی اطلاع ملتے ہی چھوٹا بیٹا اپنے گاوں پہنچ گیا ہے۔

معاملہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ میں افراتفری مچ گئی ۔ گریڈیہہ کے ڈی ڈی سی اور انچارج ڈی سی مکند داس نے بی ڈی ای کو فوری طور پر متوفیہ کے گھر روانہ کیا اور واقعہ کی معلومات حاصل کی ۔ وہیں خاتون کی موت کولے کر افسران کا کہنا ہے موت بھوک سے نہیں ، بلکہ بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے۔

حالانکہ چین پور کے مکھیا رام پرساد مہتا کے مطابق متوفیہ کے گھر میں کئی دنوں سے اناج کا ایک دانا نہیں تھا ۔ اس کی بہوئیں پڑوس کے گھروں سے کھانا مانگ کر لارہی تھیں ۔ یہی نہیں متوفیہ کا راشن کارڈ بھی نہیں بنا تھا۔ جبکہ مقامی ممبر اسمبلی جگناتھ مہتا نے خاتون کی موت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنبہ کو کسی بھی قسم کی سرکاری سہولیات نہیں مل رہی تھیں۔