حیدرآباد میں دلت لڑکے لڑکیوں کی اردو دانی کی کلاسس کی اختتامی تقریب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-june-2018

حیدرآباد:  ایس زیڈ سعید صدر آل انڈیا اسمال اسکیل انڈسٹریز مائینارٹیز کمیٹی نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری کی زندگی میں مادری زبان کے علاوہ اپنے علاقہ کی زبان اور بین الاقوامی زبان سیکھنا ضروری ہے‘ جس کی وجہ سے نہ صرف اس کی معلومات بلکہ قابلیت میں اضافہ ہوگا۔وہ جنگم میٹ قادر باغ حیدرآباد میں بابا صاحب امبیڈکر ہال میں دلت لڑکے لڑکیوں کی اردو دانی کی کلاسس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

یہ کورس گذشتہ 40دن سے جاری تھا جس میں لگ بھگ 60 طلبا و طالبات نے شرکت کی اور اردو زبان لکھنا پڑھنا سیکھنے کے علاوہ خطاطی اور خوش خطی بھی سیکھی۔ انہو ں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ غیر اردو داں افراد میں اپنے بچوں کو اردو سکھانے کا شوق عام ہورہا ہے اور وہ روانی کے ساتھ اردو بولنا ہی نہیں بلکہ لکھنا پڑھنا بھی سیکھ رہے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ خود اردو داں افراد اپنی مادری زبان سے غفلت کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ان کے بچے اپنی مادری زبان سے ہی نابلد ہیں اور وہ اردو لکھ پڑھ نہیں سکتے۔ ضرورت ہے کہ اردو داں افراد اردو کے ساتھ ساتھ تلگو سیکھنے پر بھی توجہ دیں۔ یہ اردو داں افرادکی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دنیا میں کوئی نہ کوئی مقام حاصل کرنے کے قابل بنائیں۔ انہوں نے تلگو داں بچوں میں اردو سیکھنے کے جذبہ کی ستائش کی اور نصرت فاطمہ‘ راجکماری’ وانی اور سری لکشمی کی کوششوں کو سراہا ۔