راجستھان : افطار پارٹی میں اشوک گہلوت کے بیٹے کی مخالفت ، لوٹنا پڑا بیرنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-june-2018

ٹونک : سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے اور پی سی سی جنرل سکریٹری ویبھو گہلوت کو ٹونک کی مسجد میں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ۔ اتوار کو ویبھو گہلوت وہاں ایک افطار پارٹی میں شرکت کرنے کیلئے پہنچے تھے ، لیکن مخالفت کے بعد انہیں وہاں سے بیرنگ ہی لوٹنا پڑا۔

یہ افطار پارٹی ٹونک نگر پریشد کے دو مرتبہ چیئرمین رہ چکے محمد اجمل کی جانب سے دی گئی تھی اور اس میں شرکت کیلئے ویبھو گہلوت کو مدعو کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ویبھو گہلوت ، بیج نگم کے سابق صدر دھرمیندر راٹھور ، محمد اجمل ، سابق کانگریس ضلع صدر جیسے ہی مسجد میں داخل ہونے لگے تو وہاں پہلے سے جمع کچھ لوگوں نے ان کی مخالفت کی ۔ مخالفت کررہے لوگوں کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مسجد کا سیاسی استعمال کیا جارہا ہے۔

ہنگامہ بڑھتے ہوئے دیکھ کر گہلوت سمیت دیگر کانگریسی لیڈران وہاں سے واپس لوٹ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے یہ افطار پارٹی امیر گنج کی جامع مسجد میں منعقد کی جانے والی تھی ، لیکن وہاں بھی لوگوں نے مخالفت کی ، جس کے بعد پارٹی کی جگہ تبدیل کردی گئی ۔ شام میں کچھ لوگ قافلہ مسجد بھی پہنچ گئے اور ویبھو سمیت دیگر کانگریسی لیڈرون کی مخالفت کرنی شروع کردی۔