رام مادھو نے بتایا : پی ڈی پی – بی جے پی اتحاد میں کہاں سے شروع ہوئی دراڑ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-June-2018

جموں و کشمیر میں بی جے پی کے انچارج رام مادھو کا کہنا ہے کہ وادی میں جاری تشدد کو لے کر پی ڈی پی کے نرم رویہ کی وجہ سے ان کی پارٹی نے اتحاد توڑنے کا فیصلہ کیا ۔ گورنر راج نافذ ہونے کے بعد نیوز 18 کو دئے ایک انٹرویو میں بدھ کو انہوں نے کہا کہ اتحاد کو پہلا جھٹکا اس وقت ہی لگ گیا تھا جب محبوبہ مفتی کے والد اور اس وقت کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید کا انتقال ہوا تھا۔

اتحاد کو سیاسی مجبوری قرار دیتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اتحاد تھا ، ہم سیاسی چھواچھوت میں یقین نہیں رکھتے ہیں ، میں مانتا ہوں کہ اس وقت کی مجبوری تھی ، مفتی نے اس وقت کہا تھا کہ یہ نارتھ اور ساوتھ پول کے ایک ساتھ آنے جیسا ہے، ہم نے اتحاد کو بچانے کی پوری کوشش کی ، لیکن کچھ اتحاد کام کرتے ہیں کچھ نہیں۔

رام مادھو نے کہا کہ اتحاد توڑنا موقع پرست فیصلہ نہیں تھا ، حالات ایسے پیدا ہوگئے تھے کہ ایک ساتھ رہنا مشکل ہوگیا تھا ۔ وادی میں مسلسل حملے ہورہے تھے اور ہم صورتحال پر پوری طرح سے قابو کرنا چاہتے تھے۔

صحافی شجاعت بخاری کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان اور صحافی مارے جارہے ہیں ، لیکن محبوبہ مفتی نے نرم رویہ اختیار کررکھا ہے ، جو کہ قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں امن بحالی کیلئے محبوبہ نے کچھ بھی خاص کام نہیں کیا۔