رجنی کانت کی فلم کالا پر کرناٹک میں پابندی ، اداکار پرکاش راج نے کہا : نہیں رکنی چاہئے ریلیز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-june-2018

بنگلورو : رجنی کانت کی فلم کالا پر کرناٹک میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔ فلم اداکار پرکاش راج نے اس پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ فلم انڈسٹری کو ہمیشہ کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ریاستی حکومت کو کٹگھرے میں کھڑا کرتے ہوئے یہ سوال بھی کیا کہ کیا فلم کالا کے ساتھ بھی ویسا کیا جائے گا ، جیسا فلم پدماوت کے ساتھ کیا گیا ۔

پرکاش راج نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ کاویری تنازع کا فلم سے کیا لینا دینا ہے ؟ ہمیشہ ایسے معاملوں میں فلموں کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے ؟ ۔ کیا جے ڈی ایس اور کانگریس لوگوں کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے دیں گی ، جیسا بی جے پی نے پدماوت کےساتھ کیا یا پھر وہ عام لوگوں کو یقین دلائیں گی کہ انہیں ان کا منتخب کرنے کا حق دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رجنی کانت کی فلم کالا سات جون کو ریلیز ہونے والی ہے ۔ رجنی کانت کی فلم کو لے کر جنوبی ہندوستان میں جس طرح کا کریز رہتا ہے ، اسے دیکھتے ہوئے یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے کہ فلم کی ریلیز ٹلنے سے کافی زیادہ نقصان ہوگا۔ فلم میں رجنی کانت کا رول جھگیوں میں رہنےو الے لوگوں کے لیڈر کا ہے جو ایک گینگسٹر بن جاتا ہے۔