رزق حلال کی تلاش، جستجو اور تگ و دو ایک عظیم عبادت: میرواعظ عمر فاروق

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-June-2018

سری نگر : حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے رزق حلال کی تلاش، جستجو اور تگ و دو کو عظیم عبادت قرار دیتے ہوئے کشمیر کی نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ خود روزگار کے مواقع تلاش کریں اور کسی بھی جائز اور حلال پیشے کو کم تر اور حقیرنہ سمجھیں۔

میرواعظ نے بدھ کے روز شہر خاص سری نگر کے رعناواری علاقے میں ایک نجی کاروباری مرکز کے افتتاح کے موقعہ پر وہاں موجود نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ ’مزدور کی عظمت‘ کو کسی بھی طور نظر انداز نہ کریں اور از خود اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے محنت و مشقت کو اپنا شعار بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست میں بہت سے ایسے شعبے ہیں جن سے استفادہ کرکے نوجوان اپنا روزگار کما سکتے ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ حلال طریقے سے رزق کمانا ایک مسلمان کے لئے اسی طرح سے ایک دینی فریضہ ہے جس طرح سے دین اسلام کے دیگر اعمال اور فرائض ہیں اور اسلام میں رزق حلال کی اہمیت اور اس کی افادیت کے حوالے سے انبیاء (ع) بالخصوص خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی (ص) کی مبارک زندگی ہمارے لئے نمونہ عمل ہے ۔