سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آئندہ ہفتے روس کا کریں گے دورہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-June-2018

ماسکو۔ کچھ عرصہ قبل اپنی شاہی رہائش گاہ پر فائرنگ میں زخمی یا ہلاک ہو جانے کی افواہوں میں گھرے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آئندہ ہفتے روس کا دورہ کریں گے۔ یہاں عالمی فٹ بال چیمپین شپ کے افتتاحی میچ میں وہ شرکت کریں گے ۔ ماسکو کے لژنیکی اسٹیڈیم میں 14 جون کو ہونے والےاس میچ میں میزبان ملک روس کا مقابلہ سعودی عرب کی ٹیم سے ہوگا۔

عالمی فٹ بال چیمپین شپ پہلی بار روس میں منعقد ہوگی۔ چودہ جون تا پندرہ جولائی ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ سمیت روس کے گیارہ شہر چیمپین شپ کے میچوں کی میزبانی کریں گے۔ روسی خبر رساں ایجنسی ’انٹرفیکس‘ نے کرملین ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد اپنے دورے کے دوران صدر ولادی میر پیوتن اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ اس حوالے سے ان کے دورے کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔