صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا : مکمل نیوکلیائی تحدید اسلحہ کا کام شروع ہوگیا ہے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-June-2018

واشنگٹن ۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ذریعہ چار بڑے نیوکلیائی تجرباتی مقامات کو تباہ کرنے کے ساتھ ہی مکمل نیوکلیائی تحدید اسلحہ کا آغاز ہوچکا ہے۔ ٹرمپ نے کل وہائٹ ہاوس میں کابینہ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’شماکی کوریا نے میزائل تجربات بند کردئے ہیں ۔وہ اپنے نیوکلیائی تجربات کے مقامات کو تباہ کررہا ہے۔چار نیوکلیائی تجربات کے مقامات کو تباہ کیا جاچکا ہے ۔ اس طرح مکمل نیوکلیائی تحدید اسلحہ کا آغاز ہوگیا ہے۔‘‘

امریکہ کے وزیر دفا ع جم میٹس سے بدھ کو صحافیوں نے سوال پوچھا تھا کہ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے درمیان تاریخی چوٹی بات چیت کے بعد شمالی کوریا نے نیوکلیائی تحدید اسلحہ کے لئے کیا کیا ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر میٹس نے کہاتھا’مجھے اس کا کوئی علم نہیں ہے ۔ ابھی اس عمل کا آغاز ہوا ہے ۔ تفصیلی بات چیت کا آغاز ابھی نہیں ہوا ہے اس وقت اس سلسلے میں کچھ زیادہ نہیں کہا جاسکتا ہے۔‘

وہائٹ ہاوس میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں مسٹر میٹس مسٹر ٹرمپ کے بغل کی کرسی پر بیٹھے تھے۔امریکہ کے شمالی کوریائی آبزرور گروپ 38 نارتھ نے گذشتہ ہفتہ اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ کسی بھی دیگر میزائل تجرباتی مرکز کو تباہ کرنے کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔