فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے معروف گلوکارہ شکیرا کا اسرائیل میں پرفارم کرنے سے انکار ؟

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-june-2018

معروف گلوکارہ شکیرا نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں مبینہ طور پر پرفارم کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ہاداشوٹ نیوز نے اپنی ایک رپورٹ کہا تھا کہ لبنانی نژاد کولمبیائی گلوگارہ شکیرا 9 جولائی کو تل ابیب کے یارکون پارک میں پرفارم کریں گی۔تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ گلوکارہ نے مبینہ طور پر تل ابیب میں پرفارم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

گلوگارہ کے اس مبینہ انکار کی رپورٹس پر فلسطین کے حقوق کے لیے سرگرم گروپوں اور کارکنوں نے ٹوئٹر پر خوشی کا اظہار کیا۔فلسطین کے حقوق کے لیے سرگرم ایک ادارے ‘فلسطینیئن کیمپین فار اکیڈمک اینڈ کلچرل بائیکاٹ آف اسرائیل نے شکیرا کے تل ابیب میں پرفارم نہ کرنے کی رپورٹس کو خوش آئند کہتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیا۔

ادھر اسرائیل میں شکیرا کے میوزک کانسرٹس کی تشہیر کرنے والی امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ‘لائیو نیشن نے ان رپورٹس کی تردید کردی۔لائیو نیشن نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے ‘میڈیا نے حالیہ موسم گرما میں شکیرا کی تل ابیب میں پرفارمنس کے حوالے سے غلط رپورٹنگ کی۔ اس سیزن میں کوئی مناسب تاریخ نہیں مل سکی، لیکن امید ہے کہ جلد ہی شکیرا اپنے اسرائیلی مداحوں کے لیے ایک شو کریں گی۔’