فلم کی کہانی اور میوزک کے ساتھ ڈائیلاگز پر بھی توجہ دی جائے، حمائمہ ملک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-June-2018

’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے حمائمہ ملک نے کہا کہ ایک اچھی کہانی کی ڈیمانڈ کیلیے اگرسرمایہ لگایا جائے توبری بات نہیں ، وگرنہ کم بجٹ میں بھی اچھی فلم بن سکتی ہے۔ ہالی ووڈ اوربالی ووڈ میں ایسی بے شمارمثالیں موجود ہیں۔ فلم کی کہانی، لوکیشنز اورمیوزک کے علاوہ اگرڈائیلاگ پربھی تھوڑی سی توجہ دی جائے توپھرایک یا دوہفتے نہیں بلکہ برسوںتک لوگوں کے زہنوں میں رہتی ہے۔

حمائمہ ملک نے کہا کہ ہمارے ہاں اس وقت اچھی فلمیں بن رہی ہیں اورفنکاروں کی پرفارمنس بھی بہت جاندارہے لیکن فلم کی کہانی اورڈائیلاگ پرابھی بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اوربھارت کی بہت سی فلمیں ایسی ہیں، جن کے ڈائیلاگز ہمیں آج بھی یاد ہیں۔ بہت سے مزاحیہ ڈرامے ان ڈائیلاگز پربن چکے ہیں جس سے ایک ڈائیلاگ کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جہاں تک بات پاکستانی فلموں کی ہے تواس وقت ہمارے ہاں جدید طرز کے سینما گھربن چکے ہیں اوران کی تعداد میں اضافہ بھی ہورہا ہے۔ دوسری جانب نوجوان فلم میکرز جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ بہت ہی اچھی فلمیں پروڈیوس کررہے ہیں لیکن ان میں کہانی اورڈائیلاگ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حمائمہ ملک نے کہا کہ ہمارے ملک میںٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے اکثرورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ایکٹنگ کیلیے بہت سے نوجوان مارے مارے پھرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن رائٹرز کوآگے لانے کیلیے کوئی راستہ تلاش نہیں کرتا۔ اس وقت ہمیں اچھے رائٹرز کی ضرورت ہے۔ جب تک ہم اچھے رائٹرزنہیں سامنے لائیں گے یا ان کوموقع دیں گے، اس وقت تک جدید ٹیکنالوجی، سینما گھرکچھ نہیں کرسکتے۔