لکھنؤ: ہوٹل ویراٹ انٹرنیشنل میں زبردست آتشزدگی، 5 کی موت، کئی سنگین طور پر جھلسے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-June-2018

 دارالحکومت لکھنؤ کے چارباغ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ہوٹل ویراٹ انٹرنیشنل میں منگل کی صبح لگی زبردست آگ میں اب تک ایک بچی اور ایک خاتون سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے، وہیں تین لوگوں کو سنگین حالت میں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ آگ کی وجہ سے ہوٹل مکمل طور پر جل کر خاک ہو گیا ہے۔ فی الحال راحت اور بچاو کا کام ختم ہو گیا ہے اور سبھی لوگوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔

ویراٹ انٹرنیشنل میں لگی آگ نے بغل کے ایس ایس جی انٹرنیشنل ہوٹل کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے۔ دونوں ہی ہوٹل پوری طرح سے جل کر خاک ہو گئے ہیں۔ وہیں، پانچ سنگین طور پر جھلسے لوگوں میں سے ایک بچی، ایک خاتون اور تین دیگر کی ٹراما سینٹر میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ تین دیگر زخمیوں کی صورت حال بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔ بچی کی شناخت مینل کے طور پر ہوئی ہے۔

  بتایا جا رہا ہے کہ ایک دھماکے کے ساتھ ہوٹل میں آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے ہوٹل کو اپنی زد میں لے لیا۔ یہ بھی بات سامنے آ رہی ہے کہ ضوابط کو درکنار کر کے غیر قانونی طریقہ سے ہوٹل چل رہا تھا۔ حالانکہ آگ کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔  کہا جا رہا ہے کہ شارٹ  سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے۔ جس وقت آگ لگی اس وقت ہوٹل میں کئی لوگ موجود تھے۔

ایس ایس پی دیپک کمار نے کہا کہ گواہوں کے مطابق، تقریبا 5:30 بجے ہوٹل سے دھواں نکلنے لگا۔  پولیس کو اطلاع تقریبا 6.15 بجے دی گئی۔ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ معاملہ کی تحقیقات کی جائے گی۔