لیڈز ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف پہلے بلے بازی کا فیصلہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-june-2018

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری دن لیڈز کے میدان ہیڈنگلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

میچ کے دوسرے ہی اوور میں کرس براڈ کی گیند پر امام الحق تھرڈ سلپ میں کپتان جو روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔ انھوں نے ابھی سکور کا آغاز نہیں کیا تھا۔

اس کے بعد اظہر علی بھی براڈ ہی کا نشانہ بنے۔ انھوں نے صرف دو رنز بنائے تھے۔

اب سے تھوڑی دیر پہلے تک پاکستان کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 23 رنز تھا اور کریز پر حارث سہیل اور اسد شفیق موجود تھے۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے لارڈز ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور بابر اعظم کی جگہ نوجوان بلے باز عثمان صلاح الدین کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بابر اعظم لارڈز ٹیسٹ کے دوران بین سٹوکس کی گیند لگنے سے اپنی کلائی تڑوا بیٹھے تھے اور اب وہ وطن واپس آ چکے ہیں۔

ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے عثمان صلاح الدین کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں بھی شامل سیم کرن لیڈز ٹیسٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ ان سمیت انگلش ٹیم میں اس میچ کے لیے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سیم کے علاوہ کرس ووکس اور کیٹن جیننگز کو کھلایا گیا ہے۔

بین سٹوکس زخمی ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔

پاکستان پہلے ہی انگلینڈ کو لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر چکا ہے۔

اگر پاکستان انگلینڈ کو یہ میچ بھی ہرانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ اس کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تقریباً 20 سال بعد جیت ہو گی اور وہ عالمی کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں بھی پانچویں پوزیشن حاصل کر لے گا۔