مرکز نے تمام محاذوں پر اے پی سے دغابازی کی :چندرابابونائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-june-2018

آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے الزام لگایا ہے کہ مرکز نے تمام محاذوں پر اے پی سے دغابازی کی ہے۔انہوں نے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل پر آج موجود ہ آندھراپردیش کی تعمیر نو کے عزم کے دن کے طورپر منایا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ تلگودیشم پارٹی اپنے طورپر آندھراپردیش میں گزشتہ انتخابات سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔چندرابابو نے کہا کہ حکومت نے اپنا سفر16000کروڑ روپئے کے مالی خسارہ کے ساتھ کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ہر ریاست اپنی تشکیل پر یوم تاسیس مناتی ہے تاہم ہماری ریاست اپنی یوم تاسیس نہیں منارہی ہے ۔

انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ کس طرح جشن منایاجاسکتا ہے جبکہ ہرشعبہ میں ریاست سے دغابازی کی گئی ہے۔اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج کے دن کو آندھراپردیش کی تعمیر نو کے عزم کے دن کے طورپر منایاجارہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جناسیناپارٹی کے سربراہ پون کلیان شمالی آندھراپردیش کے عوام کو اکسارہے ہیں۔ چندرابابو نے اپنے پارٹی رفقا کے ساتھ صحت مند او رخوشحال ریاست کی تعمیر کا عہدکیا۔اس موقع پر پارٹی کے لیڈروں نے عہد کیا کہ اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ آندھراپردیش تنظیم نو قانون پر مکمل طورپر عمل کیاجائے ۔انہوں نے صحت مند اور خوشحال ریاست کی تعمیر نو کا بھی عہد کیا جس میں کوئی رشوت خوری اور سیاسی بے چینی نہ ہو۔