نرملا سیتارمن نے کی اورنگ زیب کے اہل خانہ سے ملاقات، کہا آپ ملک کے لئے ہیں مثال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-June-2018

جموں وکشمیر میں سیاسی ہلچل کے درمیان وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے آج شہید اورنگ زیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں واقع اورنگ زیب کے گھر گئیں۔ وزیر دفاع نے اورنگ زیب کے والد محمد حنیف اور ان کے بھائی سے ملاقات کی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ میں یہاں شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کے لئے آئی تھی۔ میں یہاں سے یہ پیغام لے کر جا رہی ہوں کہ یہاں یہ شہید کا کنبہ پورے ملک کے لئے مثال ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے بھی شہید فوجی جوان اورنگ زیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ جنرل راوت نے اورنگزیب کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے شہید  فوجی جوان کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

اورنگ زیب کو جنگجوؤں نے 14 جون کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اغوا کیا تھا۔ ان کی گولیوں سے چھلنی لاش رات دیر گئے گوسو نامی گاؤں سے برآمد ہوئی تھی۔ 4 جیک لی سے وابستہ اورنگ زیب شوپیان میں قائم 44 آر آر کے کیمپ میں تعینات تھے۔ وہ مبینہ طور پر حزب المجاہدین کے کمانڈر سمیر ٹائیگر کو مارنے والے میجر شکلا کے پرسنل گارڈ تھے۔ اورنگ زیب کو 14 جون کی صبح اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ عید کی چھٹی لے کر اپنے گھر پونچھ لوٹ رہے تھے۔