وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-June-2018

سری نگر ، 7 جون : مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ جموں وکشمیر کے اپنے دو روزہ دورے پر جمعرات کی صبح وادی کشمیر پہنچ گئے۔ انہوں نے سری نگر پہنچنے سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر سری نگر کے لئے روانہ ہو رہا ہوں۔ اپنے دورے کے دوران مقامی نوجوانوں، سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں اور سماج کے دوسرے حلقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کروں گا’۔ وزارت داخلہ کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ‘وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچ گئے’۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسٹر راجناتھ صبح کے قریب گیارہ بجے سری نگر ائرپورٹ پر پہنچ گئے جہاں ریاستی کابینہ کے متعدد وزراء، بی جے پی کے سینئر عہدیداران بشمول ریاستی صدر رویندر رینا، سول، فوج اور پولیس انتظامیہ کے متعدد افسروں نے ان کا استقبال کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ سری نگر ائرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لئے روانہ ہوئے جہاں وہ ڈاک بنگلہ کپواڑہ میں کچھ وفود سے ملاقات کریں گے۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ریاست کا یہ دورہ مرکزی حکومت کے وادی کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی فورسز کے آپریشنز معطل رکھنے کے ایک غیرمعمولی اعلان کے 22 روز بعد کررہے ہیں۔آپریشنز کی معطلی جسے ‘یکطرفہ فائر بندی کا نام بھی دیا جارہا ہے’ کو وادی میں قیام امن کی سمت میں ایک غیرمعمولی قدم سمجھا جارہا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر ریاست کے دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پی آئی بی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ سری نگر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کریں گے اور 28 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران مختلف وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔