ٹرمپ اور کم جونگ ان کی سنگاپور کے وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-June-2018

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کے جزیرے سینٹاسو میں امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان تاریخی ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم لی ہسیئن لونگ سے ملاقات کی ہے۔ امریکی صدر نے سنگاپور کے وزیراعظم کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاریخی ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور امریکا و سنگاپور کے تعلقات میں مزید اسحتکام لانے کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا۔

قبل ازیں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے بھی سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسیئن لونگ سے ملاقات کی اور تاریخی سمٹ کی میزبانی پر سنگاپور کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکا و شمالی کوریا کی تاریخی ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کی سنگاپور آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تاریخی ملاقات کے حوالے سے امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان تاریخی ملاقات 12 جون کو سینٹاسو جزیرے کے لگژری ہوٹل کپیلا میں ہونے جارہی ہے جس کے لیے امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔ اس تاریخی ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے اور دونوں حریف ممالک کے مابین تعلقات بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔