پڑھیں : آر ایس ایس ہیڈ کوارٹر میں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی تقریر کی 10 اہم باتیں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-June-2018

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی جمعرات کو ناگپور پہنچے ۔ پرنب مکھرجی نے یہاں آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹر میں جو تقریر کی وہ ہرطرف موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ مکھرجی کے نظریات اور مثبت باتوں نے ان کی تقریر کو خاص بنادیا ہے۔ مکھرجی نے رواداری ، اتحاد اور تنوع کو ہندستان کی سب سے بڑی پہچان قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ ہمیں ایسے ملک کی تعمیر کرنی ہے جہاں لوگوں کے اندر خوف نہیں ہو اور سب متحد ہوکر ملک کی ترقی کے لئے کام کریں۔

سابق صدر جمہوریہ کی تقریر پر سیاسی بیان بازیوں کا دور بھی شروع ہوگیا ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر رام مادھو نے پرنب مکھرجی کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پرنب دا اور آر ایس ایس سربراہ کی تقریروں میں ایک دوسرے کیلئے عزت صاف طور پر دیکھی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں لیڈروں نے ملک کو ایک اہم پیغام دیا ہے۔ جبکہ ادھر کانگریس کے لیڈر رندیپ سنگھ سرجیوالا نے پرنب دا کی قریر کو آرایس ایس ہیڈ کوارٹر میں سنگھ کو ہی آئینہ دکھانے والے قرار دیا ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر کی 10 اہم باتیں

ہندوستان کی طاقت اس کی رواداری اور تنوع ہے ، ہم اپنی تنوع کا جشن مناتے ہیں۔

ہمیں اپنی تنوع پر فخر کرنا چاہئے، ہمارا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ہم اس طاقت کو سمجھتے ہیں۔

اگر رواداری، نفرت اور جارحیت ہمارے مزاج میں آئی ، تو ہماری قوم پرستی کی اصل شکل و صورت دھندلی پڑنے لگے گی۔

ہمیں تشدد اور غصہ کو چھوڑ کر لوگوں کے اندر بیٹھے خوف کو دور کرنا ہے۔

ہماری قومی شناخت ہمارا تنوع ہے، جس میں ہماری مختلف زبانیں ، مختلف ثقافت اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔

ہندستان ہمیشہ ایک کھلی سوچ کا سماج رہا ہے اور اس کا ثبوت ہمارے مذہبی گرنتھ اور ہماری ثقافت ہے۔

ہمارے آئین میں نیشنلزم بہتا ہے ۔ ہندوستانی نیشنلزم کی بنیاد آئینی حب الوطنی ہے۔

ہمیں ایسے ملک کی تعمیر کرنی ہے ، جہاں لوگوں کے اندر خوف نہیں ہو اور سب متحد ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں۔

ہمارے آئین میں ملک کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق دئے گئے ہیں ۔

ہماری قدیم اور پروقار ثقافت نے ہمیں ایک دھاگے میں بندھے رہنے کی تعلیم دی ہے۔