ڈوب رہی کانگریس کو بچانے کی جوابدہی تو راہل گاندھی کی ہے :بی جے پی صدر امت شاہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-June-2018

امبیکاپور (چھتیس گڑھ):  بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں ہے، پر ڈوب رہی کانگریس کو بچانے کی جوابدہی تو راہل گاندھی کی ہے نہ کہ بی جے پی کی۔ مسٹر شاہ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ کانگریس مسلسل کمزور ہوتی جارہی ہے اور ریاستیں اس کے ہاتھ سے نکل رہی ہیں تو اس کی ذمہ داری بی جے پی کی تو نہیں ہے ۔ مسٹر شاہ نے کہاکہ کانگریس سے پاک ہندستان کی سوچ بی جے پی کی نہیں ہے پر کانگریس کلچر سے پاک ہندستان وہ ضرور چاہتی ہے اور اس سمت میں کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ پچاس ساٹھ برسوں میں کانگریس نے ملک کو جو دیا ہے، عوام اسے وہی لوٹا رہے ہیں، باقی مسٹر گاندھی پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کانگریس سے پاک ہندستان چاہتے ہیں یا نہیں۔ مسٹر شاہ نے کہاکہ کانگریس الزام لگاتی ہے کہ مودی حکومت میں زیادہ جوان شہید ہوئے لیکن کانگریس یہ نہیں بتاتی کہ سب سے دہشت گرد بھی بی جے پی کے دور اقتدار میں ہی مارے گئے ہیں۔