کانگریس لیڈرآنند شرما کا یو ٹرن، پہلے پرنب مکھرجی سے ظاہر کی ناراضگی اب ہوگئے مرید

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-June-2018

نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے ناگپور واقع آرایس ایس دفتر میں خطاب کئے جانے کو لے کر کانگریس کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ پرنب مکھرجی کے اس قدم سے کانگریس کے لاکھوں کارکنان ناراض ہوگئےہیں، لیکن پرنب مکھرجی  کی تقریر کے ایک دن بعد ہی انہوں نے یوٹرن لے لیا ہے۔ آنند شرما نے سابق صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی کی تقریر کی جم کر تعریف کی ہے۔

آنند شرما نے کہا کہ اس تقریر کے بعد پرنب مکھرجی کا قد مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا “پرنب دا، ناگپور میں آپ کا قد اور بڑا ہوگیا ہے۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔ سیکولرآئینی جمہوری کو بنائےرکھنے کے لئے آپ کی طاقتوں پر ہمیں کوئی شک نہیں تھا۔ انہوں نے مزید لکھا ہے “آپ نے آرایس ایس کو ہندوستان کے روا داری اور تنوع کے بارے میں بتایا۔ امید ہے کہ وہ آپ کے پیغام پرعمل کریں گے”۔

اس سے قبل آنند شرما نے پرنب مکھرجی کی جم کر تنقید کی تھی۔ انہوں نے اپنےٹوئٹ میں لکھا تھا “آرایسایس دفتر میں پرنبدا کی تصویروں نےہندوستان کے جمہوری اقدار، اور سیکولرازم میں یقین رکھنے والے لوگوں اور کانگریس کے لاکھوں کارکنان کوناراض کیا ہے”۔

شرما نے آگے کہا کہ بات چیت صرف انہی لوگوں کے ساتھ ہوسکتی ہےجو سننے، اپنانے اور تبدیلی  لانے کے لئے تیار ہوں۔ ایسا نہیں لگتا ہے کہ آرایس ایس اپنے کور ایجنڈا کو چھوڑ چکا ہے کیونکہ وہ حقوق کی بات کرتا ہے۔

آرایس ایس کے دفتر میں “قوم، قومیت اور حب الوطنی” کے موضوع پر سابق صدر جمہوریہ اور کانگریس کے سینئر لیڈررہے پرنب مکھرجی نے اپنے خیالات پیش کئے۔ جمعرات  کو پرنب  مکھرجی کے نظریات اور مثبت باتوں نے ان کی تقریر کو خاص بنادیا ہے۔ مکھرجی نے رواداری ، اتحاد اور تنوع کو ہندستان کی سب سے بڑی پہچان قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ہمیں ایسے ملک کی تعمیر کرنی ہے جہاں لوگوں کے اندر خوف نہیں ہواورسب متحد ہوکر ملک کی ترقی کے لئے کام کریں۔

سابق صدر جمہوریہ کی تقریر پر سیاسی بیان بازیوں کا دور بھی شروع ہوگیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر رام مادھو نے پرنب مکھرجی کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پرنب دا اورآرایس ایس سربراہ کی تقریروں میں ایک دوسرے کیلئے عزت صاف طورپردیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں لیڈروں نے ملک کو ایک اہم پیغام دیا ہے۔ دوسری جانب کانگریس کے لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے پرنب مکھرجی کی تقریر کو آرایس ایس ہیڈ کوارٹر میں سنگھ کو ہی آئینہ دکھانے والے قرار دیا ہے۔