کرمنلز کرکٹ کے گرد منڈلا رہے ہیں، آئی سی سی کا اعتراف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-june-2018

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو بدستور کرپشن سے بہت زیادہ خطرہ ہے، کرپٹ عناصر بدستور یہاں موجود اور ان پر قابو کیلیے مسلسل جنگ جاری ہے۔

قطری ٹی وی چینل کی ڈاکومینٹری میں ہونے والے انکشافات کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ ہم نے چونکہ ٹاپ لیول پر اقدامات انتہائی سخت کرلیے ہیں اس لیے کرپٹ عناصر نے جونیئر لیول سمیت دوسری چیزوں کو ہدف بنانا شروع کردیا ہے جن میں کیوریٹرز اور گراؤنڈز مین بھی شامل ہیں، ہم اس مسئلے کو جانتے ہیں اور اپنی مسلسل جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم ہمت نہیں ہاریں گے بلکہ ان کے خلاف لڑتے رہیں گے۔

رچرڈسن نے کہا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے تمام تر اقدامات اور اس حوالے سے دی جانے والی تعلیم کے باوجود ٹیسٹ سمیت کرکٹ کے تمام فارمیٹس خطرے میں ہیں خاطر طویل طرز کو زیادہ خطرہ لاحق ہے مگر ہم بھی اس کو بچانے کیلیے اپنی جانب سے پوری کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں، انٹرنیشنل لیول پر ہماری جانب سے بے انتہا سختی کی وجہ سے ان کرپٹ عناصر نے اپنی لیگز شروع کردی ہیں۔ اگرچہ یہ بہت ہی نچلے لیول پر منعقد ہورہی ہیں مگر بہرحال یہ خطرہ ہیں کیونکہ یہ اب ٹی وی پر نشر بھی ہونے لگی ہیں۔

کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے تازہ ترین ڈاکومینٹری کے حوالے سے رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے اچھی طرح دیکھاہے مگر ہمیں کوئی بھی ایسا ثبوت نہیں ملا جس سے ہم سمجھتے کہ یہ کوئی کیس ہے، ہمارے افسران ایک دو روز میں اس حوالے سے مذکورہ چینل سے ملاقات کررہے ہیں تاکہ وہ ان سے ایڈٹ مواد حاصل کرسکیں۔