کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو 20 سالہ ملازمت کے بعد مستعفی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-june-2018

جیمز سدرلینڈ نے بورڈ میں مجموعی طور پر 20 برس گزارے اور17 سال بطور چیف ایگزیکٹیو خدمات انجام دیں،سدر لینڈ نے اپنا عہدہ چھوڑنے کیلیے 12 ماہ کا نوٹس دیا ہے،جب تک کوئی مناسب متبادل نہیں مل جاتا وہ ذمہ داری انجام دیتے رہیں گے۔

جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا میں 20 برس گزارنے کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ یہاں سے رخصت ہونے کا یہی درست وقت ہے۔ مارچ میں دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد جیمز سدرلینڈ کو بھی بے پناہ دبائو کا سامنا کرنا پڑا اور ان سے عہدہ چھوڑنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

سدرلینڈ کا بدستور اصرار ہے کہ ان کے اس فیصلے میں اس اسکینڈل کا ہاتھ نہیں،انھوں نے واضح کیا کہ میرے جانشین کو مضبوط اعصاب کا حامل ہونا چاہیے جو ہر قسم کے دبائو کا سامنا کرپائے۔