کشمیر میں تعینات ایک اور فوجی نے کی خودکشی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-june-2018

سری نگر:  وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سرفراؤ کنگن میں گذشتہ رات ایک فوجی اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنگن کے سرفراؤ نامی گاؤں میں قائم 24 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ میں تعینات حوالدار راجپال سنگھ ولد روپ سنگھ ساکنہ کانپور اترپردیش نے مبینہ طور پر گذشتہ رات اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کو فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے آبائی گھر بھیجی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود وادی میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سال 2009 سے لیکر اب تک قریب 1100 سیکورٹی فورس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔