کشمیر میں شب قدر کے روح پرور اجتماعات منعقد، جامع مسجد میں میرواعظ کا خطاب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2018

سری نگر: پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر اور خطے لداخ کی تمام مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں لیلتہ القدر کی رات انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی جس کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے ایک ہزار مہینوں سے بھی زیادہ بابرکت والی رات قرار دیا ہے۔لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید رات بھر نماز تراویح، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اور ختمات المعظمات کی مجالس میں مصروف رہے۔

علمائے کرام نے لیلتہ القدر، ماہ رمضان، اور نزول قرآن کی فضیلت بیان کی ۔ سب سے بڑے اجتماعات شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع درگاہ حضرت بل اور شہر خاص میں واقع تاریخی جامع مسجد میں منعقد ہوئے جہاں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے لیلتہ القدر کی رات شب بیداری میں گزاری جو وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے تھے۔

تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں فرزندان توحید کے علاوہ پردہ نشین خواتین کی ایک بڑی تعداد نے رات بھر شب بیداری کی اور بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر اپنے گناہوں کی مغفرت اور عالم اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے جملہ مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رب العزت کی بارگاہ میں گڑگڑا کر دعائیں مانگیں ۔