اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ پٹی میں امن بحالی کے سلسلہ میں اتفاق رائے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-July-2018

غزہ ۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ پٹی میں بحالی امن پر اتفاق ہو گیا ہے۔ غزہ کی پٹی پر کنٹرول رکھنے والی فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ حماس کے ترجمان فوزی برهاؤم نے کہا’’مصر اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان امن بحالی کے سلسلہ میں اتفاق رائے ہوگیا ہے‘‘۔

اسرائیل کے حکام نے اس اعلان پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے لیکن فوجی ترجمان نے کہا کہ ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ فلسطین کے باشندوں نے کہا کہ ابھی علاقے میں امن و امان ہے۔ جمعہ کو فلسطین کے بندوق برداروں نے غزہ کی پٹی کی سرحد پر ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کردیا تھا اور اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی حملے کئے جس میں حماس کے تین جنگجوؤں سمیت کل 4 فلسطینیوں کی موت ہو گئی تھی اور غزہ کی پٹی میں 120 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان غزہ کی پٹی پر سال 2014 کی جنگ کے بعد پہلی بار کسی آن ڈیوٹی فوجی کو مارا گیا تھا۔

فلسطین کے ایک اہلکار کے مطابق، اس کے بعد مصر کے سیکورٹی حکام اور ایک اوردیگر ملک کے سفارت کار نے امن بحال کرنے کے لئے حماس اور اسرائیل سے رابطہ کیا تھا۔