امریکی صدر نے بریٹ کاوانوف کو جسٹس آف سپریم کورٹ نامزد کردیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بریٹ مائیکل کاوانوف کو سپریم کورٹ کا جج نامزد کردیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بریٹ مائیکل کاوانوف کو سپریم کورٹ جج نامزد کرتے ہوئے اسے بہترین انتخاب قرار دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر نے بریٹ مائیکل کاوانوف کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کاوانوف کے لیے تعریفی کلمات کہے اور انہیں سپریم کورٹ کے لیے موزوں ترین امیدوار قرار دیا۔

بریٹ مائیکل کاوانوف اس وقت کولمبیا کی ضلعی عدالت میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل وہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے مشیر بھی رہے ہیں۔ کاوانوف کی نامزدگی سے امریکا میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور دیکھنا ہے کہ کاوانوف اسلحے پر پابندی اور پناہ گزینوں سے متعلق قوانین کے باعث مشکلات میں گھرے ٹرمپ کی کیا مدد کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس انتھونی کینیڈی نے رواں سال ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد امریکی صدر نے 53 سالہ بریٹ مائیکل کاوانوف کو نامزد کیا ہے۔ ماہرین اس نامزدگی کو پناہ گزینوں سے متعلق سخت قوانین پر تنقید سے بچنے کے لیے ایک حربہ قرار دے رہے ہیں۔