این ڈی اے کے کنبہ میں لگاتار اضافہ: مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-July-2018

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مخلوط حکومت کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کی اتحاد کی مسلسل کوششوں کے باوجود قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا کنبہ بڑھ رہا ہے۔

مسٹر مودی نے یہاں این ڈی اے رہنماؤں اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ این ڈی اے کی ملک کی 21 ریاستوں میں حکومت ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے پارلیمنٹ سیشن کے دوران تمام ممبران پارلیمنٹ کو ایوان میں موجود رہنے کی اپیل کی ہے۔

برسراقتدار اتحاد کے ذرائع کے مطابق کئی ممبران پارلیمنٹ کا خیال ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کے الزامات کا معقول جواب دینے کے لئے وہ تیار ہیں۔ بی جے پی کے کچھ ممبران پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے لئے اکالی دل کے رہنما نریش گجرال کے نام کے پر اپوزیشن پارٹیوں میں پہلے ہی پھوٹ پڑ چکی ہے۔

کانگریس صدر راہل گاندھی نے منگل کو مسٹر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ 18 جولائی سے شروع ہو رہے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں خواتین ریزرویشن بل کو منظور کرائیں. راہل گاندھی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا’’ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون سیشن میں خواتین ریزرویشن بل کو منظور کرانے میں معاونت کریں‘‘۔

انہوں نے کہا، ’’بی جے پی اور اتحادی پارٹیوں کے پاس لوک سبھا میں اکثریت ہے، ایسے میں اس تاریخی بل کو منظور کرانے کے لئے آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس میں رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔‘‘مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس اس بل کو منظور کرانے میں حکومت کا مکمل تعاون کرے گی۔

قانون و انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے خواتین ریزرویشن بل کو لے کر مسٹر گاندھی کے خط پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اگر خواتین کوواقعی برابری کا حق اور نمائندگی دلانا چاہتی ہے تو وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر تین طلاق سمیت خواتین سے متعلق تمام بل کو منظور کرائے۔