باپ کی گھڑی بیچ کر خوابوں کی تعبیر کے لئے نکلے تھے جوبلی کمار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-July-2018

نئی دہلی : بالی وڈ میں جوبلی کمار کے نام سے مشہور راجندر کماور نے کئی سپر ہٹ فلموں میں اپنی بہترین ادکاری سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ راجندر کمار کو اپنے کیریئر کے آغاز میں کافی جد و جہد کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ راجندر کمار کی پیدائش 20 جولائی 1929 کو پنجاب کے سیالکوٹ شہر میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی۔ راجندر بچپن سے ہی اداکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔

راجندر کمار جب اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے بمبئی پہنچے تو ان کی جیب میں صرف 50 روپے تھے۔ یہ پیسے بھی انہوں نے اپنے والد کی دی ہوئی گھڑی کو بیچ کرحاصل کئے تھے۔ان کی گھڑی 63 روپے میں فروخت ہوئی تھی ۔ ان پیسوں میں سے راجندر نے 13 روپے کا فرنٹیئر میل کا ٹکٹ خریدا تھا۔ بمبئی پہنچنے پر راجندر کمار کو نغمہ نگار راجندر کرشن کی مدد سے فلمساز و ہدایت کار ایچ ایس رویل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے طور پر150 روپے ماہانہ پر کام کرنے کا موقع ملا۔

سال 1950 میں راجندر کمار کو پہلی بار دلیپ کے ساتھ فلم جوگن میں کام کرنے کا موقع ملا۔ سال 1950 سے 1957 تک وہ بالی وڈ میں اپنا مقام حاصل کرنے کے لئے جد وجہد کرتے رہے۔ جوگن فلم کے بعد انہیں جو بھی فلم ملی وہ اس پیشکش کو قبول کرتے چلے گئے۔ اس دوران انہوں نے طوفان اور دیا نیز آواز، ایک جھلک جیسی کئی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی۔