بی جے پی کا جموں میں احتجاجی دھرنا، محبوبہ مفتی کا پتلا پھونک ڈالا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-July-2018

جموں:  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے ہفتہ کے روز یہاں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان کہ ’اگر نئی دہلی (مرکزی حکومت) پی ڈی پی کو توڑنے اور عوام کے ووٹوں پر شب خون مارنے کی مرتکب ہوئی تو کشمیر میں نئے صلاح الدین (حزب المجاہدین سپریم کمانڈر سید صلاح الدین) اور یاسین ملک (جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ چیئرمین) جنم لے سکتے ہیں‘ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاجی کارکنوں نے محترمہ مفتی کا پتلا بھی پھونک ڈالا۔ ہفتہ کو دوپہر کے وقت کچی چھاونی چوک میں درجنوں بی جے پی کارکن جمع ہوئے اور محبوبہ مفتی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔

احتجاجی کارکنوں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈاور بی جے پی کے پرچم اٹھا رکھے تھے ، نے ’محبوبہ مفتی ہائے ہائے، بھارت کے غداروں کو جوتے مارو ساروں کو ، بھارت ماتا کی جے ، جہاں ہوئے بلیدان مکھرجی وہ کشمیر ہمارا ہے، بھاریہ جنتا پارٹی زندہ باد‘ جیسے نعرے لگائے۔ بی جے پی کارکنوں نے احتجاجی دھرنے کے دوران پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا پتلا بھی پھونک ڈالا۔ احتجاجی کارکنوں کی قیادت کرنے والے ایک بھاجپا لیڈر نے کہا ’اقتدار چھننے کے بعد محبوبہ مفتی بوکھلا گئی ہے۔

کل اس نے بیان دیا کہ اگر مرکزی حکومت نے کچھ کرنے کی کوشش کی تو میں 1987 جیسے حالات پیدا کروں گی۔ یہاں پر صلاح الدین پیدا ہوں گے۔ محبوبہ مفتی جیسے لوگوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنا چاہیے۔ ہم گورنر سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے لوگوں جو جنگجویت کو بڑھاوا دیتے ہیں، کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے۔ یہ ایک شرمناک بیان ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں‘۔