بی جے پی ہندو مذہب کی توہین کررہی ہے :ممتا بنرجی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-July-2018

کلکتہ:  بی جے پی پر ہندو مذہب کی توہین کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کی سالانہ ’’شہید دیوس‘ ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی پالیسی اب کامیاب نہیں ہونے والی ہے اور 2019میں بی جے پی کا صفایا ہونے والا ہے اور ملک کی بیشتر ریاستوں سے بی جے پی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ساتھ ہی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ 2019کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس ریاست کی تمام 42 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔

کلکتہ شہر کے دھرم تلہ علاقے میں لاکھوں افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 15اگست سے ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کو ہٹاؤ دیش کو بچاؤ‘‘ مہم ریاست کے تمام گاؤں سے چلایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جارحانہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بنگال میں روپے تقسیم کرکے اپنے پاؤں جمانے کی کوشش کررہی ہے مگر چند ہزار افراد کو روپے دے کر خریدا جاسکتا ہے مگر لاکھوں افراد کو روپے کے ذریعہ نہیں خریدا جاسکتا ہے ۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ 16جولائی کو جہاں مغربی مدنی پور میں کالج گراؤنڈ میں وزیرا عظم کی ریلی کے دوران پنڈال گرنے سے 90افراد زخمی ہوگئے تھے اسی میدان میں ترنمول کانگریس 28جولائی کو ریلی کا انعقاد کرے گی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہندوستان ایک تکثیری معاشرہ ہے ، جہاں ہر مذہب، زبان اور قبائلی رہتے ہیں ۔مگر ہم سب ہندوستانی ہیں اورکوئی بھی ہمیں مذہب کے نام پر تقسیم نہیں کرسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندؤں کو توہین کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہندو ہیں ، تمام دیوی درگا کو مانتے ہیں اور ان کی پوجاکرتے ہیں مگر بی جے پی کا ہندتو ہندومذہب سے بالکل الگ ہے۔اس میں کسی بھی مذہب کے خلاف نفرت نہیں ہے ۔ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ سوامی ویکانند ہندو نہیں تھے، کیا رام کرشننا ہندو نہیں تھے ۔ان لوگوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست اور نفرت کو پھیلایا ہے ۔