تعلیم معاشرے کے تغیر کے لئے سب سے اہم وسیلہ : نائب صدر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-July-2018

نئی دہلی : نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ تعلیم معاشرے کے تغیر کے لئے سب سے اہم وسیلہ ہے اور یہ روشن خیالی اور با اختیار بنائے جانے کے ذریعے ہی معاشرے کو تبدیل کر سکتا ہے۔ آج پورٹ بلیئر میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو دوبارہ متحرک کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی معلوماتی معیشت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹ سکے ۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اصل تعلیم ،طلباء کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ہونی چاہئے اسے تعلیمی مہارت پر مساوی زور دینا چاہئے اور خود روزگار کے لئے ہنر مندی پر توجہ دینا چاہئے۔

عالم گیریت پر مبنی اکیسویں صدی کے معلوماتی معاشرے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے نصاب تعلیم ،سیکھنے کے عمل اور تدریس کے طریقہ کار پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر گفتگو کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کے جی سے لے کر پی جی تک تعلیم کے نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسے زیادہ موثر اور معیاری بنایا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی شخصیت کو فروغ دینے پر زور دیا جانا چاہئے اور صرف سرٹیفکیٹ ہولڈرس پیدا نہیں کرنے چاہئے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں سے نکلنے والے طلباء کو بزرگوں اور اساتذہ سے ہمدردی کرنی چاہئے اور ان کا احترام کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ انہیں نہ صرف تکنیکی ماہر اور اسکالر ہونا چاہئے بلکہ سب سے اہم بات یہ کہ وہ مضبوط اخلاقی قدروں کے ساتھ غیر متزلزل، یکجہتی اور ایماندار ہونا چاہئے۔