تلنگانہ کے دس اضلاع میں زائد بارش ریکارڈ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-July-2018

حیدرآباد: تلنگانہ ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔جنوب مغرب مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہوگیا ہے ۔ریاست کے 31اضلاع کے منجملہ دس اضلاع میں 20فیصد سے زائد بارش ہوئی ہے جبکہ 20اضلاع میں معمول کے مطابق بارش درج کی گئی ہے۔شمال مغرب خلیج بنگال اور اس سے متصل علاقوں میں ہوا کے کم دباو کے زیر اثر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے ۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ریاست میں مجموعی بارش 25.57سنٹی میٹر ہوئی ہے ۔ریاست کے جملہ 584منڈلوں کے منجملہ تقریبا 256منڈلوں میں 20فیصد سے زائد بارش ہوئی ہے ۔

عادل آباد ضلع میں 54.73سنٹی میٹر زائد بارش ہوئی ہے جو معمول کی بارش 32.44سنٹی میٹر سے 69فیصد زائد ہے ۔اضلاع کومرم بھیم ،آصف آباد،منچریال،جگتیال ،پداپلی،جئے شنکر بھوپال پلی،بھدرادری۔کوتہ گوڑم،محبوب نگر،کھمم اورنلگنڈہ میں بھی 20فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔صرف سدی پیٹ ضلع میں ہی 14.56سنٹی میٹر کم بارش ہوئی ہے جو معمول کی بارش 18.75سنٹی میٹر سے 22فیصد کم ہے۔گزشتہ تین دنوں سے ریاست کے کئی مقامات پر شدید بارش ہورہی ہے ۔