تھائی لینڈ: غار سے 15 روز بعد محفوظ نکالے گئے 4 بچے، کوچ سمیت 9 ابھی بھی پھنسے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-July-2018

بنکاک: تھائی لینڈ کی غار میں دو ہفتہ سے پھنسے اسکول فٹبال ٹیم کے 13اراکین میں سے چار بچوں کو اتوار کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ مقامی راحت و بچاو افسر نے بتایا کہ شمالی چیانگ رائے صوبہ کے حکام نے فٹبال ٹیم کے 12بچوں اور ان کے کوچ کو باہر نکالنے کی باہمت اور خطرناک مہم کی آج صبح شروعات کی ۔ اس مہم میں 13غیرملکی غوطہ خوروں اور تھائی لینڈ نیوی سیل کے پانچ رکن شامل تھے۔ گزشتہ جمعہ کو ان بچوں کو نکالنے کی کوشش میں ایک سابق تھائی نیو ی سیل کمانڈر کی موت ہوگئی تھی۔

رات ہونے کی وجہ سے باقی بچے آٹھ بچوں اور ان کے کوچ کو پانی میں ڈوبے ہوئے علاقہ سے نکالنے کی مہم اب پیر کی صبح شروع کی جائے گی۔ ان میں سے بیشتر بچوں کی عمر 11برس سے کم ہے اور انہیں تیرنا بھی نہیں آتا جبکہ ان کے کوچ کی عمر 25برس ہے۔بچاؤ مہم کے سربراہ نارونگساک اوسوتانکون نے نامہ نگاروں سے کہاکہ آج ہم چا ر بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے اور انہیں چیانگ رائے صوبہ کے اسپتال پہنچانے میں کامیاب ہوئے-انہوں نے کہا کہ بچاؤ دستہ کو اگلی مہم کی تیاری کرنے کے لئے دس گھنٹے کے وقت کی ضرورت ہے۔ اس میں پچاس غیرملکی سمیت تقریباََ 90 غوطہ خور شامل رہیں گے۔

غار سے نکالے گئے چاروں بچوں کو ہیلی کاپٹر سے نزدیکی چیانگ رائے شہر پہنچایا گیا جہاں پہلے سے موجود ایمبولنس کی مدد سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس واقعہ نے نہ صرف تھائی لینڈ بلکہ غیرملکی میڈیا کی بڑے پیمانہ پر توجہ مبذول کی ہے۔ اگر تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا جاتا ہے تو یہ تھائی لینڈ میں اگلے برس ہونے والے عام انتخابات سے پہلے تھائی جنٹا کے لئے تقویت دینے والا واقعہ ثابت ہوسکتا ہے۔