سوامی اگنی ویش پر حملہ فاشزم کی بدترین شکل: پروفیسر اختر الواسع

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-July-2018

نئی دہلی : مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی ، جودھپور کے وائس چانسلر پروفیسر اختر الواسع نے آریہ سماجی رہنما اور سماجی کارکن سوامی اگنی ویش پر گذشتہ روز جھارکھنڈ کے پاکوڑ میں ہوئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فاشزم کی بدترین شکل ہے۔

مسٹر اختر الواسع نے کہا کہ و ہ حملے جو اب تک ایک خاص اقلیت پر ہورہے تھے اب ان کا دائرہ وسیع ہوکر خود اپنے ہم مذاہب کو، جو سیکولر جمہوری اقدار کی وکالت کرتے ہیں ،ان تک پہونچ گیا ہے۔

اسلامی امور کے ماہر پروفیسر اخترالواسع نے مزید کہا کہ سوامی اگنی ویش پر حملہ بنیادی طورپر اس ملک کی مذہبی رواداری پر حملہ ہے اور یہ بھگوا رنگ کی توہین ہے۔

خیال رہے کہ اسی سالہ سوامی اگنی ویش پر کل پاکوڑ میں مبینہ طور پر بی جے پی یووا مورچہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے حملہ کردیا تھا۔ انہیں بری طرح پیٹا اور ان کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے تھے۔

اس واقعہ کی مختلف مذاہب اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے رہنماوں نے مذمت کی ہے۔