سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کی جیت:کیجریوال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-July-2018

نئی دہلی : دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی حکومت بمقابلہ لفٹننٹ گورنر معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو یہاں کے عوام کی فتح قرار دیا ہے۔

مسٹر کیجریوال نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ یہ دہلی کے عوام کی بڑی فتح ہے۔ ساتھ ہی ساتھ جمہوریت کی بھی بڑی کامیابی ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا’’ یہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ہے۔ اب دہلی حکومت کی فائلیں لفٹننٹ گورنر کو نہیں بھیجنی ہونگی اور کام نہیں رکے گا۔ ہم دہلی کے عوام کی طرف سے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ لفٹننٹ گورنر کو کابینہ کے فیصلے کو ماننا ہوگا ۔ تبادلہ اور تقرری حکومت ہی کرے گی۔‘‘مسٹر سسودیا نے کہا کہ مکمل ریاست کا درجہ دلانے کی تحریک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آج اپنے فیصلے میں کہا کہ لفٹننٹ گورنر قانون و انتظام ، پولیس اور زمین سے متعلق معاملات کے لئے خصوصی طورپر ذمہ دار ہیں لیکن دیگر امور میں انہیں کابینہ کا مشورہ ماننا ہوگا۔ آئینی بنچ نے کہا کہ لفٹننٹ گورنر کابینہ کے ہر فیصلے کو صدر کے پاس نہیں بھیج سکتے۔ عدالت عظمی نے واضح کیا کہ لفٹننٹ گورنر کو منتخب حکومت کے کام کاج میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔