عدم اعتماد کی تحریک سے پہلے شیو سینا کا بی جے پی پر نشانہ ، پوچھا : گھمنڈ اترا یا نہیں ؟

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-July-2018

لوک سبھا میں جمعہ کو حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے بعدووٹنگ ہوگی ۔ ان سب کے درمیان شیو سینا نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ارکان ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے ۔ ادھر شیو سینا نے اپنے ترجمان سامنا میں جمعہ کو عدم اعتماد کی تحریک کے معاملہ پر مودی حکومت پر تیکھا حملہ بولا ہے۔

سامنا کے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ اپوزیشن لوک سبھا میں مودی حکومت کے خلاف تجویز لے کر آئی ہے ، اس پر بحث کے دوران الزامات اور جوابی الزامات کی بجلیاں چمکیں گی ، آخر میں وزیر اعظم مودی کروکشیتر میں جنگ جیتنے کی شان میں ہمیشہ کی طرح تقریر کریں گے ۔بی جے پی کے پاس اعداد و شمار کی اکثریت ہے ، اس لئے ووٹنگ کے بعد حکومت گر جائے گی ، ایسا کوئی نہیں سوچ رہا ۔ سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ اعداد و شمار ہمارے پاس بھی ہیں ، سیاست میں فوج کا اعتماد بڑھانے کیلئے اس طرح کی باتیں کرنی پڑتی ہیں۔ لیکن مخالفین کے ذریعہ لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک حکومت گرانے کیلئے نہیں بلکہ مودی حکومت کو کٹگھرے میں کھڑا کرکے اس کی چمڑی ادھیڑنے کیلئے ہے۔

اداریہ میں لکھا ہے کہ ایوان میں حکومت پر ہلا بول ہوگا اور ان الزامات کا گول مول جواب دے کر میز تھپتھپائی جائے گی ، اس سے جمہوری اقدار کو ہمیشہ کی طرح مضبوطی ملے گی ۔ اس میں مزید لکھا ہے کہ لوگوں کو محض خواب دکھانا ، جذبات سے کھیلواڑ کرکے ووٹ مانگنا اور لوگوں کے ذریعہ جھولی بھر کر ووٹ دئے جانے کے بعد ان سبھی انتخابی جملوں کو بھی صاف نہ ہونے والی گنگا میں ڈبودینا اچھا نہیں ہے۔