فیفا ورلڈ کپ 2018 : انگلینڈ کو شکست دے کر کروشیا نے رقم کی تاریخ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2018

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں الٹ پھیر کا دور سیمی فائنل میں بھی جاری رہا۔ روس میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں کروشیا نے انگلینڈ کو 2۔1 سے شکست دی۔ایک گول سے پچھڑنے کے بعد 109 ویں منٹ میں ماریہ مانڈ جوکک کے گول کے دم پر کروشیا نے فیفا ورلڈ کپ کے 21 ویں ایڈیشن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے جہاں اس کا سامنا اتوار کو 1998 کی فاتح فرانس سے ہوگا۔وہیں انگلینڈ تیسرے مقام کے میچ کیلئے سنیچر کو بیلجیم سے ٹکرائے گا۔

کروشیا پہلے نصف میں ایک گول سے پیچھے تھی لیکن دوسرے ہاف میں اس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور برابری کا گول کیا ۔ طے وقت میں میچ 1۔1 کی برابری پر ختم ہوا ۔ جہاں مانڈ جوکک نے گول کر کے اپنی ٹیم کیلئے تاریخ رقم کی۔مانڈ جوکک  نے یہ گول ایوا ن پیرسک کے پاس پر کیا۔ پرسک نے باکس کے اندر مانڈ جوکک کو گیند دی جنہوں نے بیحد آسانی سے اسے گول کے نچلے کونے میں ڈال کر اپنی ٹیم کو 2۔1 کی بڑھت دلائی جو فاتح ثابت ہوئی۔

انگلینڈ کو اس میچ میں اپنی غلطیوں پر کافی پچھتاوا ہو رہا ہوگا۔ پانچویں منٹ میں ہی 1۔0 سے آگے ہونے کے بعد اس کے پاس تین سے چار گول کرنے کے بیحد آسان اور صاف مواقع آئے لیکن انگلینڈ کے کپتان اور اس ورلڈ کپ میں ابھی تک سب سے زیادہ چھ گول کرنے والے  ہیری کین ،جیسے لنگارڈ اور رحیم اسٹرلگ اہم میچ میں آسان سے موقعوں کو بھی نہیں بھنا پائے۔ اگر یہ کھلاڑی اپنے پاس آئے موقعوں پر گول کر دیتے تو انگلینڈ طے وقت میں کروشیا کو شکست دے دیتا۔