فیفا: چیمپئن بنتے ہی فرانس کے صدر نے یوں منایا جشن، اسٹیڈیم میں ہی ناچنے لگے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-July-2018

فرانس 20 سال بعد پھر فٹ بال کا چیمپئن بن گیا ہے۔ روس کے لوزنکی اسٹیڈیم میں اتوار کے روز کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2018 میں فائنل میں فرانس نے کروشیا کو 4- 2 سے شکست دے دی۔ فرانس کے جیت حاصل کرتے ہی صدر امیونل میکرون بھی بے حد پرجوش ہو گئے۔ وہ وی وی آئی پی گیلری میں کھڑے ہو کر ہی ڈانس کرنے لگے۔ پھر میدان میں اتر آئے اور کھلاڑیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ میکرون نے کروشیا کی صدر کولنڈا گرابر کتارووک کو بھی گلے لگایا۔ روس کے صدر ولادمیر پوتن بھی فائنل میچ دیکھنے پہنچے تھے۔

فائنل میچ کے ختم ہوتے ہی روس سے لے کر فرانس تک ہر فٹ بال شائق جشن میں ڈوب گیا۔ فرانس کے صدر بھی اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پائے۔ انہوں نے کبھی ڈانس کر کے جشن منایا تو کبھی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر کھنچوا کر خوشی کا اظہار کیا۔ میکرون نے تمام کھلاڑیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ اس درمیان بارش ہوتی رہی، لیکن میکرون بارش میں بھیگتے رہے۔

میکرون کھلاڑیوں کے ساتھ چینجنگ روم میں بھی گئے۔ وہاں بھی ان کے ساتھ خوب ڈانس کیا۔ صدر میکرون کے اس انداز پر فرانس کے کھلاڑی مینڈی نے ٹویٹ کیا، ’’ مسٹر پریزیڈنٹ۔ آپ کا یہ انداز دیکھ کر حیران ہوں۔ اس حوصلہ افزائی کے لئے آپ کا بہت بہت شکریہ ‘‘۔ بتا دیں کہ 23 سالہ مینڈی فرانس کی ٹیم میں ڈفینڈر ہیں۔