مانسون اجلاس : حکومت سبھی معاملات پر بحث کرنے کیلئے تیار : وزیر اعظم مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-July-2018

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے آج سے شروع ہونے والے مانسون سیشن میں تمام پارٹیوں سے تعاون کی امید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ایوان کے وقت کا مثبت استعمال ہوگا اور ملک کے مفاد کے اہم مسائل پر مباحثے ہوں گے۔

مسٹر مودی نے سیشن شروع ہونے سے پہلے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا ’’اس مانسون سیشن میں ملک کے مفاد کے کئی اہم ایشوزہیں جن پر فیصلہ ہونا ہے، جن پر بحث ہونی ضروری ہے ۔ جتنی بڑی بحث ہوگی اتنا ہی ملک کو فائدہ ہو گا اور حکومت کو اپنی پالیسیاں بنانے میں آسانی ہو گی‘‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام سیاسی پارٹیاں وقت کااستعمال ملک کے اہم کام کو آگے بڑھانے میں کریں گی ، سبھی کا تعاون ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی ایسی امید کرتے رہے ہیں اور اس بار بھی یہی ان کی دلی خواہش ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی کوئی بھی مسئلہ اٹھا سکتی ہے۔ حکومت ہر بحث کے لئے تیار ہے۔ کہیں ژالہ باری اور کہیں کم بارش پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ بارش کی وجہ سے کچھ حصوں میں تباہی بھی آئی ہے اور کہیں خشک سالی بھی ہے. ان موضوعات پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔