محبوبہ مفتی الزام تراشیوں کے بجائے پہلے اپنا گھر درست کریں: بی جے پی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-July-2018

جموں۔  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے پہلے اپنا گھر درست کریں۔ کوئی پڑوسی آکر آپ کے گھر کو ٹھیک نہیں کرے گا۔ پی ڈی پی کے ممبران اسمبلی کہتے ہیں کہ یہ ماما، چچا ، تایا اور بھائی کی جماعت ہے۔ ان باتوں کا اظہار بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے ہفتہ کو یہاں منعقد ایک پارٹی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

جب نامہ نگاروں نے رینا سے پوچھا کہ ’محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ پی ڈی پی لیڈران کو این آئی اے کی دھمکی دی جارہی ہے‘ تو بی جے پی صدر کا جواب تھا ’کسی کے گھر میں اگر دراریں ہیں، کسی کے گھر میں اگر کوئی پریشانی ہے، کسی کے گھر میں تکلیف ہے تو اس گھر کو اس کا مالک ٹھیک کرے گا۔ کوئی پڑوسی آکر کسی کا گھر ٹھیک نہیں کرے گا‘۔ انہوں نے کہا ’ہم ان (محترمہ مفتی) کو مشورہ دیں گے کہ وہ اپنا گھر ٹھیک کریں۔ اپنے گھر کو ٹھیک چلاؤ۔ ان ہی کے ایم ایل اے کہتے ہیں کہ یہ ماما، چچا، تایا اور بھائی کی سرکار (جماعت) ہے۔ اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا گھر دیکھ کیسے پھل پھول رہا ہے۔ کھل رہا ہے۔ کمل پورے دیش میں کھل رہا ہے‘۔

بتا دیں کہ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نیوز 18 اردو کے ساتھ ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ پی ڈی پی لیڈران کو این آئی اے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے ’میرے پاس میرے کچھ ممبران آگئے۔ میں ان کا نام نہیں لینا چاہوں گی۔ ممبران نے کہا کہ جب ہم پی ڈی پی سے الگ ہونے سے انکار کرتے ہیں تو ہم سے کہا جاتا ہے کہ کوئی بات نہیں ہمارے پاس این آئی اے ہے‘۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے گذشتہ ماہ پی ڈی پی سے تین سالہ اتحاد توڑ کر ریاستی حکومت کو گرا دیا تھا۔ حکومت کے گرنے کے بعد پی ڈی پی کے اندر بغاوت شروع ہوئی اور مبینہ طور پر پی ڈی پی کے باغی ممبران اسمبلی ریاست میں ایک نئی حکومت بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔