نتیش کمار- امت شاہ کی میٹنگ صرف سیٹوں کی تقسیم کو لے کر نہیں ہے، یہ ہے اصل وجہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-July-2018

پٹنہ: گزشتہ تین دہائیوں سے نتیش کمار بہار کی سیاست میں اقتدار کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ کئی بار ان کا سیاسی توازن خراب بھی ہوا ہے، لیکن بیشتر مواقع پر وہ مشکلات سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ساتھ ہی وہ کئی بار بڑی بڑی قربانیاں بھی دے چکے ہیں، کیونکہ وہ اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرتے ہیں۔

تاہم ایک بار پھر این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد سے ریاست اور مرکزی حکومت کی سیاست میں ان کا قد تھوڑا چھوٹا ہوگیا ہے۔ آئندہ عام انتخابات 2019 سے قبل جنتا دل (یونائیٹیڈ) (جے ڈی یو) خیمے میں بڑھتی بے چینی لازمی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ آئندہ سال پارٹی این ڈی اے معاون کے طور پر ریاست میں باعزت سیٹوں کا کوٹہ چاہتی ہے۔

بہار میں مجموعی طور پر 40 سیٹیں ہیں، اس میں سے بی جے پی کا رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی اور اوپیندر کشواہا کے آرایل ایس پی کے ساتھ پہلے ہی 30 سیٹوں پر قبضہ ہے۔ ایسے میں جے ڈی یو کو زیادہ سے زیادہ سیٹیں دینا بی جے پی کے لئے مشکل چیلنج ہے۔

نتیش کمار اور بی جے پی کے درمیان کیا سیٹوں کی تقسیم ہی اصل وجہ ہے؟ یا پھر جے ڈی یو کو کسی اور چیز کی فکر ہے؟

نتیش کمار کا خواب وزیراعظم بننے کا رہا ہے، لیکن این ڈی اے میں شامل ہوتے ہی یہ امیدیں تقریباً ختم ہوتی نظر آرہی ہیں۔ یہ خواب ان کا تبھی مکمل ہوسکتا ہے جب این ڈی اے اتحاد کی قیادت کوئی غیر بی جے پی لیڈر کرے، لیکن 2019 الیکشن میں ایسا امکان بالکل نہ کے برابر نظر آرہا ہے۔

نتیش کمار کے لئے یہاں موضوع عام انتخابات کا نہیں ہے۔ بے شک ان کی پارٹی زیادہ سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے، لیکن ان کے لئے بڑی فکر ہے بہار میں 2020 کا اسمبلی الیکشن۔ کیا وہ ایک بار پھر سے حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گے؟ اس کے علاوہ بی جے پی کے ساتھ اس الیکشن میں اتحاد کی شرطیں کیا ہوں گی؟

نتیش کمار نے بی جے پی کی بڑھتی امیدوں کو بھی دیکھا ہے۔ بی جے پی نے پہلے اپنے اتحادیوں کے ساتھ ایک زبانی سمجھوتے پر کا م کیا ہے۔ اتحادی لیڈر کے طور پر نتیش کمار کو ریاست میں زیادہ اہمیت دی گئی ہے، ایسے میں پارٹی کو زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی ضرورت ہے۔

لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ این ڈی اے میں بی جے پی کے سب سے پرانے اتحادی شیو سینا کے ساتھ کیا ہوا ہے، ہر کسی کو معلوم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے ڈی یو 2020کے الیکشن کے لئے بی جے پی سے کچھ یقین دہانی کی تلاش میں ہے۔ جے ڈی یو کا مطالبہ ہے کہ نتیش کو بہار میں اتحاد کا چہرہ بنایا جائے۔

پٹنہ میں جو مسلسل میٹینگوں کا دورچل رہا ہے، وہ صرف دکھاوا نہیں ہے۔ الیکشن سے 9 ماہ قبل کوئی بھی پارٹی سیٹوں کی تقسیم پر فیصلہ نہیں کرے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ نتیش کمار آئندہ اسمبلی الیکشن میں وزیراعلیٰ کا چہرہ ہوں گے یا نہیں؟ یہ 2019 کے انتخابی نتائج پر منحصر کرے گا۔  قابل ذکر ہے کہ سیاست میں کوئی بھی چیزمفت میں نہیں ملتی ہے۔