وادی کشمیر میں ایک روز کی معطلی کے بعد ریل خدمات بحال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2018

وادی کشمیر میں ریل خدمات ایک دن کی معطلی کے بعد جمعرات کی صبح بحال کردی گئیں۔ یہ خدمات بدھ کے روز کشمیری مزاحتمی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے حالیہ شہری ہلاکتوں کے خلاف دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر معطل کی گئی تھیں۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’ہم نے بارہمولہ اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کو جمعرات کی صبح بحال کردیا۔بدھ کو ریل خدمات ریاستی پولیس کے مشورے پر معطل رکھی گئی تھیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا مقصد ریلوے املاک اور مسافروں کو نقصان سے بچانا ہوتا ہے اور معطلی کا فیصلہ پولیس انتظامیہ کے مشورے پر لیا جاتا ہے۔

ریلوے کے ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ ماضی میں بھی احتجاجی مظاہروں کے دوران ریلوے املاک کو بڑے پیمانے کا نقصان پہنچایا گیا۔ وادی کشمیر میں سال 2016 میں حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ریل خدمات کو قریب چھ مہینوں تک معطل رکھا گیا تھا۔