پاکستانی انتخابات میں عمران کی تحریک انصاف سب سے بڑی پارٹی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 27-July-2018

اسلام آباد : پاکستان الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے آج اعلان کیا کہ اب تک جن 251 نشستوں کے لئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے ان میں سے عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 110 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ اطلاع میڈیا نے دی۔

تاہم عمران خان کو حکومت سازی کے لئے دوسری پارٹیوں کی مدد حاصل کرنی ہوگی۔

قومی اسمبلی مجموعی طور پر 272 نشستوں پر مشتمل ہے اور حکومت سازی کے لئے کسی پارٹی کو 137 نشستوں کی ضرورت ہوگی۔ عمران خاں کے براہ راست حریف اور دنوں جیل میں بند سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی پی ایم ایل ۔این نے 63 نشستیں جیتی ہیں جبکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو کی زیرقیادت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو 42 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ ابھی 21 انتخابی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اگرچہ عمران خان قومی اسمبلی میں واضح اکثریت یعنی 137 نشستوں سے دور نظر آتے ہیں لیکن جس طرح ان کی پارٹی غیرمتوقع طور پر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انہیں چھوٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کوئی خاص دشواری نہیں ہوگی ۔