کرکٹر اور فلمی شخصیات نے عمران خان کو جیت پر مبارکباد دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 27-July-2018

اسلام آباد : پاکستان کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرنے پر کرکٹ اور فلمی شخصیات نے کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے۔

عمران خان کا پاکستان کا وزیراعظم بننا تقریباً طے ہے ۔ اس کامیابی پر کئی کھلاڑیوں نے ٹویٹ کرکے انہیں مبارکباد دی ہے۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے ٹویٹ کرکے کہا کہ عمران نے اعلی مقام حاصل کرنے کے لئے جس ہدف کا تعین کیا تھا بالآخر اسے حاصل کرلیا۔ میرے کرکٹ کے ہیرو عمران کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔

اداکار جاوید جعفری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کو مبارکباد۔ آپ ایک عظیم کھلاڑی اور محنت کش سماجی خدمتگار رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ ایک سنجیدہ اوربہترین وزیراعظم ثابت ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ہند۔ پاک تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔ دعا اور نیک خواہشات۔

مشہور اداکار رشی کپور نے بھی ٹویٹ کرکے کہا کہ’ بڑھیا کہا عمران خان آپ نے، جو ہندوستان۔ پاکستان کے بارے میں اب کہا ہے ، وہی بات میں گزشتہ دو دنوں سے سبھی چینلوں پر کہہ رہا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ملک اور میرے ملک کے درمیان اچھے رشتے بنا پائیں۔ واضح رہے کہ رشی کپور کی فلم ’ملک ‘ تین اگست کو ریلیز ہورہی ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک تاریخی جیت کے لئے عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد۔ 22 سال کی جدو جہد کا آج بہترین نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ پاکستان کو آپ سے کافی امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ آگے بڑھ کر ہماری قیادت کریں گے۔ میں میڈیا اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ نتائج کو تسلیم کریں اور پاکستان کی تعمیر میں تعاون دیں۔