گیارہ سالہ بچی کی 7 مہینے تک عصمت دری: پولیس نے 18 لوگوں کو کیا گرفتار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-July-2018

چنئی میں 11سال کی بچی کی مبینہ طور سے عصمت دری کرنے کے الزام میں پولیس نے18  لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اپارٹمنٹ میں سات مہینوں تک بچی کا جنسی استحصال کیا۔ گرفتار ملزموں کو منگل کو کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں مشتعل ہجوم نے ملزموں کی پٹائی کردی۔

پولیس میں درج شکایت کے مطابق ، بچی کو مبینہ طور سے بیہوشی کی دوائیاں اور نشیلی اشیا ملا کر کولڈ ڈرنک پلائی گئی تھی ۔اس معاملے میں گرفتار 18 لوگوں میں بلڈنگ کا سکیورٹی گارڈ اور لفٹ آپریٹر بھی شامل ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ساتویں کلاس میں پڑھنے والی اس بچی نے اپنی بہن کو آپ بیتی سنائی جس کے بعد اس نے پیر کو پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ “متاثرہ کی والدہ نے پولیس میں درج شکایت میں الزام لگایا کہ ان لوگوں نے کئی مہینوں تک الگ الگ مقامات پر ان کی بچی کا جنسی استحصال کیا۔ اس سلسلے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ ‘ انہوں نے بتایا کہ بچی کو میڈیکل چیک اپ کیلئے اسپتال لے جایا گیا ہے اور ملزموں سے فی الحال پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔