ہمارے پاس اعداد کی کافی طاقت موجود ہے: سونیا گاندھی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-July-2018

نئی دہلی : مودی حکومت کے خلاف تلگودیشم پارٹی کی طرف سے لوک سبھا میں بدھ کے روز پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے لئے اپوزیشن کے پاس کافی اعداد کی طاقت موجود نہیں ہونے سے متعلق سوالات پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے کہا کہ ‘کون کہتا ہے ہمارے پاس نمبر کی طاقت نہیں ہے؟۔

لوک سبھا میں اپوزیشن کے پاس کافی تعداد نہیں ہونے سے متعلق سوال پر محترمہ سونیا گاندھی نے ایک ٹی وی چینل سے کہا کہ “کون کہتا ہے ، ہمارے پاس کافی تعداد میں اراکین نہیں ہیں؟”

واضح رہے کہ لوک سبھا میں تلگودیشم پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کو قبول کرتے ہوئے اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ اس پر جمعہ کو بحث ہوگی اور اسی دن ووٹنگ بھی ہوگی۔ پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے کہا کہ حکومت تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لئے تیار ہے۔ لوک سبھا میں ان کے پاس کافی تعداد موجود ہے اس لئے انہیں یقین ہے کہ یہ تحریک ناکام ہوگی۔

اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری وینو گوپال اور پارٹی کے لوک سبھا رکن راجیو ساتو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہ پریس کانفرنس میں مودی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2014 کے عام انتخابات میں ملک کے عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے ، اس لئے اس حکومت کے خلاف پورے ملک میں غصےکا ماحول ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے لیڈر نریندر مودی نے کسانوں کو سرمایہ کاری پر ڈیڑھ گنا منافع دینے، دو کروڑ لوگوں کو ہر سال روزگار فراہم کرنے، مہنگائی میں کمی اور بدعنوانی کو مٹانے جیسے بہت سے وعدے کئے تھے لیکن کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ دو کروڑ لوگوں کو ہر سال روزگار دینے کی بجائے 12 لاکھ لوگوں کی نوکری چھین لی گئی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت پر کسانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چار سال بعد بھی کسانوں کو اخراجات کا ڈیڑھ گنا منافعہ نہیں دیا گیا ہے۔