ہندستان اور کوریا دفاعی تعاون بڑھائیں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

نئی دہلی : ہندستان اور جنوبی کوریا نے دفاعی تعاون بڑھانے کے لئے آج خصوصی تبادلہ خیال کیا اور ’میک ان انڈیا‘ کے تحت دفاعی پیداوار پر دونوں ممالک کے مابین رضامند ی ہوئی۔

اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے افغانستان میں سہ فریقی معاہدہ کے ساتھ صلاحیت کی تعمیر میں متحد ہوکر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ جنوبی کوریا نے ہندستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت 20ارب ڈالر سے بڑھا کر 2040تک 50ارب ڈالر کرنے کا ہدف بھی طے کیا ہے۔

وزارت خارجہ میں سکریٹری پریتی سرن نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے مابین بہت فطری بات ہے اور ہم اسے آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں دفاعی تعاون بڑھانے کے بارے میں خاص طورپر بات چیت ہوئی۔ صدر مون نے کہاکہ ہماری خاص اسٹریٹجک شراکت داری کے پیش نظر ہمیں دفاعی اور اسٹریٹجک موضوعات پر بھی مل کر کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ہندستان کی دفاعی پیداوار میں جنوبی کوریا کی طرف سے کچھ مشترکہ منصوبے کام کررہے ہیں اور کچھ کے بارے میں بات چیت چل رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبہ میں تجارت اور سرمایہ کاری بھی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کہاہے کہ میک ان انڈیا پروگرام اہم منصوبہ ہے اور ہم نے کوریائی کمپنیوں کو دفاعی پیداوار میں بھی شراکت داری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رشتوں میں پرفیکشن ہے۔ ہندستان میں جنوبی کوریا کو بہت بڑا بازار اور سستے اور ہنر مند انسانی وسائل دستیاب ہوتے ہے۔