ہنگامہ کے دوران لوک سبھا میں وقفہ سوالات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-July-2018

نئی دہلی : لوک سبھا میں مانسون اجلاس کا آغاز بھی ہنگامہ سے ہوا۔ ایوان میں آج وقفہ سوالات تیلگو دیشم پارٹی( ٹی ڈی پی) اور سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے اراکین کے ہنگامہ کے دوران چلا۔

ایوان کی کارروائی گیارہ بجے شروع ہوئے ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے چار نو منتخب اراکین کو رکنیت کا حلف لینے کے لئے بلایا۔اترپردیش کے کیرانہ سے محترمہ تبسم بیگم ،مہاراشٹر کے بھنڈارا گوندیا حلقہ سے نو منتخب مسٹر مدھوکر راو یشونت راو ککڑے اور پال گھر حلقہ سے مسٹر راجندر گاوت دھیڈویا اور ناگالینڈ سے مسٹر توکھوہو نے حلف لیا۔

اس کے بعد ایوان نے اپنے تین سابق اراکین مسٹر بہادر سنگھ( پہلی اور دوسری لوک سبھا)، مسٹر سنت کمار منڈل(ساتویں سے چودہویں لوک سبھا) اور مسٹر کنڈالا سبرامنیم (پہلی لوک سبھا) کے وفات پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایوان نے اتراکھنڈ کے پوڑی گڑھوال میں بس حادثہ میں 48افراد کی ہلاکت اور افغانستان کے قندھار صوبہ میں16-17جون کو فدائین حملہ اور جلال آباد میں ہندو اور سکھوں پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا اور افغانستان حکومت اور عوام کے تئیں یگانگت کا اظہار کیا۔