ہندستان ہندوستان

قدرتی آفات سے نپٹنے کیلئے کیرل کو ہر ممکن مدد: وزیر داخلہ

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

نئی دہلی10،اگست( یو این آئی) مرکزی حکومت نے کیرل میں ہورہی مسلسل بارش اور سیلاب سے آئی تباہی کے مد نظر ریاستی حکومت کو ہرممکن مدد دیئے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کہاکہ کیرل میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے آئی تباہی کے بارے میں مرکزی حکومت کو معلومات ہیں مرکزنے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر مملکتی وزیر کرن رججو کو ریاست کی موجود ہ صورتحال کا معائنہ کرنے کے لئے کیرل بھیجا تھا،رججو نے اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو سونپ دی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے بذات خود کیرل کے وزیر اعلی سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن فی الحال ان سے فون پر گفتگو نہیں ہو سکی ہے وہ ان سے دوبارہ بات کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ایوان کو اس بات کی یقین دھانی کراتا ہوں کہ مرکز کیرالہ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنےکو تیار ہے۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے پی کرونا کرن اور کانگریس کے کے سی وینو گوپال نے کیرل میں لگاتار ہو رہی بارش اور سخت سیلاب کی وجہ سے ریاست میں بڑے پیمانے پرجانی ومالی نقصان کی نشاندہی کی۔کرونا کرن نے کہا کہ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریاست کے چھہ اضلاع شدید متأثر ہیں نیز پہلےہی دو قدرتی آفات جھیلنے والے اس ریاست کو تیسری قدرتی آفت نے گھیر لیا ہے، انہوں نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے اور متأثرین کو بحفاظت محفوظ مقام پر پہونچانے کے لئے فوجی مددکا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے وینو گوپال نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں سے لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے 23 شہریوں کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے۔انہوں نے باڑھ سے متأثرین کو راحت پہونچانے اور راحت رسانی کے کام کے لئے بری و بحری افواج کو تعینات کر نے کی ضرورت پر زور دیا اور ریاست کو خصوصی راحت پیکج دیے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔اس کے بعد ایوان میں موجود وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کیرل کی ریاستی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar