اخوان المسلمون نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا : سعودی وزیر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018

ریاض،17اگست ( اے یوایس ) سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور ، دعو اور ارشاد ڈاکٹر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ اخوا ن المسلمون نے ناانصافی کو فروغ دیا اور اسلام اور مسلما نو ں کو نقصان پہنچایا ہے۔اس جماعت کے بعض پڑوسی ممالک میں تخریب اور تباہی کے ثبوت موجود ہیں۔ سعودی وزیر جمعرات کو منیٰ میں حج انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ایک نیوزکانفرنس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ اخوان المسلمون نے بغاوت کے بیج بونے کے لیے سعودی عرب میں د ر اندازی کی کو شش کی تھی لیکن اللہ نے ہمیں اس سے محفوظ رکھا اور شہر یوں کو بھی اس کا احساس ہوگیا تھا اور وہ جان گئے تھے کہ برائی کے وکیل لوگوں کو گم راہ ہی کرسکتے ہیں ۔ ہمارے علما اور دانشور قیادت اور شہریوں کے ساتھ یک جا اور متحد رہے جس کی بدولت ہم اس مرحلے سے استحکا م اور اتحاد کی جانب آگے بڑھنے میں کامیاب رہے ہیں ‘‘ ۔ڈاکٹر آل الشیخ نے کہا:’’ ہمیں ماضی میں ’’ دعوہ‘‘ کے بعض علمبرداروں کی سرگرمیوں سے نقصان پہنچا ہے ۔انھوں نے بعض مقامات پر اس پلیٹ فارم کو استعمال کیا۔ قرآن وسنت کے منافی انتہا پسندانہ نظریات کی تبلیغ کی اور سخت گیر نقطہ نظر کی تشہیر کی۔انھوں نے لوگوں کو انتہا پسندی پر اکسایا اور انھیں نقصان پہنچایا‘‘۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ’’کوئی بھی حج کو سیاسی نہیں بناسکتا اور نہ اس کو شریعت کے مقاصد سے دو ر لے جاسکتا ہے۔سعودی عرب کو کسی کو اس کی اجازت نہیں دے گا‘‘۔ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان کو اس مقدس سرزمین کا دفاع کرنا چاہیے۔ سعودی عرب الحرمین الشریفین اور دوسر ے مقدس مقامات کے تحفظ وترقی کے لیے جو کچھ کررہا ہے، وہ دل کو گرمانے والا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر حملہ دراصل اسلام اور درست عقیدے پر حملہ ہے۔انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے سعودی مملکت کی کاوشوں سے انکاری ہیں ، وہ یا تو نفر ت کے پجاری دشمن ہیں یا پھر جاہل ہیں۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وزارت اسلامی امور اپنی تمام سرگر میوں میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرارہی ہے۔ مسا جد میں نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ وہاں ہونے والی تمام سرگرمیوں کی وزارت براہ راست نگرانی کر سکے اور ان مراکز کو کنٹرول کے ذریعے انتہا پسندی کا شکا ر ہونے سے بچایا جاسکے۔