آسٹریلیا کرکٹ کو اسمتھ اور وارنر کی ضروت : وارن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-August-2018

سڈنی ، 15 اگست (یو این آئی ) اسپن کے لیجنڈ شین وارن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کرکٹ کو فوری طور پر سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور اوپننگ بلے باز اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی ضروت ہے،ٹیم ان کی عدم موجودگی میں ناکام جارہی ہے اور بلے باز ابھی تک ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی ویب کے لئے لکھے گئے کالم میں انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھایا ہوا تھا اسی وجہ سے کینگروزٹیم کو اس وقت جتنی انکی ضرورت ہے اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں کرکٹرز جنوبی افریقہ کے خلاف رواں سال کے آغاز میں سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ ا سکینڈل کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا کی ایک سالہ معطلی کی سزا کاٹ رہے ہیں جو اگلے سال مارچ میں ختم ہوگی جب کہ پاکستان کے خلاف سیریز اس سال کے آخر میں شیڈول ہے۔آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی میں اب تک ایک ٹیسٹ کھیلا اور ہارا جب کہ انگلینڈ میں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش ہوئے اور 2 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ناکام رہے ۔29سالہ اسٹیو اسمتھ نے پابندی کے دوران کینیڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لیا جس کے بعد وہ اب کیریبئن پریمیئر لیگ میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے لیے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 41رنزا سکورکیے۔